رواں ہفتے مہنگائی 18 فیصد بڑھ گئی‘ کھانے پینے کی 19 بنیادی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد (ثناءنےوز) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ہر آنے والا دن غریبوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کھانے پینے کی بنیادی اشیاءکی قیمتوں میں 18.24 فیصد اضافہ ہوا، ایک کلو پیاز پانچ روپے مہنگی ہو گئی۔ مہنگائی میں کمی سے متعلق حکومت کے دعوے اور وعدے زور و شور سے جاری ہیں لیکن ان پر عمل درآمد صرف زبانی جمع خرچ تک ہی محدود ہے۔ ملک بھر میں اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں ہوشربا گرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 18.24 اور گزشتہ ہفتے کی نسبت 0.63 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی53 اشیاءمیں سے 19 کی قیمتوں میں اضافہ، 12 میں کمی اور 22 میں استحکام رہا۔ 3 ہزار روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کے لئے مہنگائی 18.1 فیصد بڑھ گئی۔ اس ہفتے پیاز، مرغی کا گوشت، دال ماش، دال مونگ، گھی، چاول، اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ انڈے، ایل پی جی، شکر، گیہوں، ٹماٹر، آلو اور کیلے سستے ہوگئے۔