لاہور چیمبر کا ضلعی حکومت‘ محکمہ انڈسٹریز‘ لیبر کے نمائندوں کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور چیمبر کا ضلعی حکومت‘ محکمہ انڈسٹریز‘ لیبر کے نمائندوں کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے لاہور چیمبر، ضلعی حکومت، محکمہ انڈسٹریز اور لیبر کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل بالخصوص انسداد ڈینگی اور بجلی و گیس چوری مہم پر تاجروں کے تحفظات دور کرنے لیے لائحہ عمل طے کرے گی۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس میں ہوا جس کی صدارت لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کی جبکہ اجلاس سے ایم این اے پرویز ملک، ایم پی اے چودھری شہباز، کمشنر لاہور امداد اللہ بوسال، ڈی سی او نسیم صادق، میاں طارق مصباح، کاشف انور،انجم نثار، میاں مظفر علی، محمد علی میاں ، مبشر شیخ، اور اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ مجوزہ کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ کمیٹی کاروباری برادری اور سرکاری محکموں کے درمیان روابط کا فقدان دور کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ڈینگی اور بجلی و گیس چوری کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے مگر یہ آپریشن صرف بجلی و گیس چوروں تک محدودرہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مانیٹرنگ ٹیمیں درست حقائق پیش نہیں کررہیں ۔