رواں مالی سال تجارتی خسارہ2 ارب15 کروڑ30 لاکھ ڈالر بڑھ گیا

رواں مالی سال تجارتی خسارہ2 ارب15 کروڑ30 لاکھ ڈالر بڑھ گیا

کراچی(آن لائن)یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس کا درجہ دیئے جانے کے باوجود پاکستان کی برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 1 ارب 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کم ہوگئیں جبکہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان کی درآمدات 1ارب 1کروڑ 80لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 2 ارب 15 کروڑ30 لاکھ ڈالر بڑھ گیا۔جولائی سے مارچ کے دوران پاکستانی برآمدات 5.95 فیصد کی کمی سے 17ارب 93 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، درآمدات 3.08 فیصد کے اضافے سے 34 ارب 5 کروڑ ڈالر اور تجارتی خسارہ 15.42 فیصد کے اضافے سے 16 ارب 11 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات 19ارب 7کروڑ 20 لاکھ ڈالر، درآمدات 33 ارب 3کروڑ 20لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 13 ارب 96 کروڑ ڈالر رہا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق پاکستان کا مارچ کی تجارت میں خسارہ 13.69 فیصد کے اضافے سے 1ارب 58کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جس کی بڑی وجہ برآمدات میں کمی بنی۔گزشتہ ماہ پاکستانی برآمدات کی مالیت 1 ارب 93 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہی جو مارچ 2014 میں2 ارب 23کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی تجارت سے 13.44 فیصد کم ہے۔ فروری کے مقابلے میں گزشتہ ماہ برآمدات میں 2.55، درآمدات میں 5.14اور تجارتی خسارے میں 8.48 فیصد کا اضافہ ہوا، فروری میں برآمدات 1ارب 88 کروڑ 40 لاکھ، درآمدات 3 ارب 34 کروڑ 60 لاکھ اور تجارتی خسارہ 1 ارب 46 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا تھا۔