پنجاب میں 30 ترقیاتی سکیموں کیلئے 25 ارب سے زائد کے فنڈز منظور

لاہو ر (کامرس رپورٹر ) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2014-15 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 47 ویں اجلاس میںمختلف ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی30 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 25 ارب 45کروڑ 78لاکھ7 ہزار روپے کی منظوری دی ۔ صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجا ب محمد عرفان الٰہی نے کی جبکہ سیکرٹری پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وسیم اجمل چوہدری سمیت دیگر متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے47 ویں اجلاس میں جن30ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں لٹریسی اور نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پراجیکٹ (پی سی ٹو) کی تھرڈ پارٹی ایلوایشن کے لیے 17 کروڑ 80 لاکھ روپے ، مری میں کیبل کار کی انسٹالیشن کی فزیبلیٹی سٹڈی (ترمیمی پی سی ٹو) کے لیے 22 کروڑ 78 لاکھ 46 ہزار روپے ، جھل خانوانہ چوک فیصل آباد کی بہتری کے لیے (ترمیمی) 2 ارب 53 کروڑ 37 لاکھ 97ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں۔