نئے ہائیڈل پاور سٹیشن، ڈیم تعمیر کئے جائیں: خورشید احمد
لاہور (پ ر) محکمہ بجلی واپڈا کے ہزاروں کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیر اہتمام کارکنوں کے زیر التوا مطالبات کو تسلیم کرانے کیلئے یوم مطالبات منایا۔ لاہور میں محنت کشوں نے لاہور پریس کلب سے ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت خورشید احمد جنرل سیکرٹری نے کی انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت واپڈا کے نئے ہائیڈل پاور اسٹیشن اور نئے پانی کے ڈیم کی تعمیر کیلئے وسائل مہیا کرے اور کھربوں روپے مالیت کے قومی محکمہ بجلی کی کمپنیوں کے موثر انتظام کیلئے انہیں نجی بورڈ آف ڈائریکٹر کے کنٹرول سے آزاد کرے اور واجبات کی وصولی کے دوران بجلی کے کارکنوں کو لاقانونیت غیر قانونی عناصر کے خلاف تحفظ فراہم کرے۔