چائنیز کیمیکل انڈسٹری کے وفد کی لاہور چیمبر کے عہدیداروں سے ملاقات

لاہور (نیوز رپورٹر) چائنیز کیمیکل انڈسٹری کی سب کونسل کی وائس چیئرمین ما چنیان (Ma Chunyan)کی سربراہی میں دو رْکنی چینی وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری سے ملاقات کی اور  پانچ سے چھ اگست تک لاہور ایکسپو سنٹر میں  ہونے والی سی اے سی پاکستان سمٹ اور پاک چائینہ ایگرو کیمیکل ایکسپو کے بارے میں بریفنگ دی۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح اور نمائش کے کوآرڈینیٹر جاوید سلیم قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے کہا کہ اس میگا ایونٹ کے انعقاد کا مقصد جدید ٹیکنالوجی فراہم کرکے پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلاب لانا ہے۔ ما چنیان نے کہا کہ کیڑے مار ادویات زرعی مشینری اور کھادوں کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نمائش میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کسان برادری جدید تکنیک اپنا کر زرعی شعبے کی پیداوار بڑھاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ چینی کمپنیاں بنجر زمین کو زرخیز بنانے کے طریقے بھی پیش کریں گی۔  سہیل لاشاری نے کہا کہ لاہور چیمبر نے یہ غیرمعمولی نمائش  کرنے کا فیصلہ زرعی شعبے کو مستحکم کرنے کے لیے کیا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے ، یہ نمائش نہ صرف پاکستان کے زرعی شعبے کی پوٹینشل کو اْجاگر کرے گی بلکہ زرعی شعبے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سی اے سی پاکستان حکومت اور صنعتی شعبے کے نمائندوں کو موقع فراہم کرے گی کہ وہ کیڑے مار ادویات، کھادوں، پراسیسڈ سیڈز اور جدید زرعی مشینری کے بہترین اور منافع بخش استعمال کا معاملہ اْجاگر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایگرو کیمیکل شعبے میں بہت پوٹینشل ہے جس سے فائدہ اٹھاکر معاشی استحکام حاصل کیاجاسکتا ہے۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ اس نمائش سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں اور امید ہے کہ یہ کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔