مشترکہ کوششوں سے پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط مزید مضبوط کر سکتے ہیں: صدر جدہ چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) جدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین مازن محمد بتر جی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان مشترکہ کوششیں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرکے تجارتی و معاشی تعلقات کو مزید پائیدار کرسکتے ہیں۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیراور نائب صدر سید محمود غزنوی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ مازن محمد بتر جی نے کہا کہ دوطرفہ تجارت بڑھنے سے سعودی عرب میں پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے لائیوسٹاک اور ڈیری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی جاسکتی ہے جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں چیمبرز کو مل بیٹھ کر تجارت کو تیزی سے فروغ دینے کے امکانات پر غور کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے تاجر پاکستان اور سعودی عرب میں ہونے والی نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبہ سازی کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔