عثمان منان شیخ کا دورہ فروٹ وسبزی منڈی تجاوزات فوری ختم کرانے کی ہدایت

لاہور(خبرنگار) بادامی باغ مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر عثمان منان شیخ نے گزشتہ روز سبزی پھل منڈیوں کا دورہ کیا ، انہوں نے صفائی اور تجاوزات کے حوالے سے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ سڑکوں پر تمام قسم کی ناجائز تجاوزات کو ختم کردیں اگر کوئی شخص ان کے کام میں رکاوٹ ڈالے تو اس کو پولیس کے حوالے کردیا جائے، پھل، سبزی منڈیوں کے تمام گیٹوں پر عوام کی آمد کے موقع پر کوئی تجاوزات موجود نہ ہوں، خریداری کرنے والے آسانی کے ساتھ خریداری کریں اور ٹریفک کی آمد ورفت جاری رہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ہدایت پر دونوں منڈیوں میں لاکھوں روپے کے فنڈ سے کام کیے جا رہے ہیں۔