کراچی سٹاک مارکیٹ میں مندا‘ سرمایہ کاری میں 16 ارب سے زائد کمی‘ لاہور میں تیزی
کراچی+ لاہور (مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز اتار چڑھائو کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 28500 کی نفسیاتی حد سے گر گیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 16 ارب 31 کروڑ روپے سے زائد کی کمی، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 34.50 فیصد جبکہ 47.69فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکیرج ہائوسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی، سیمنٹ اور بنیکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز 10 پوائنٹس کے اضافے سے ہوا تاہم بعد ازاں ملک میں جاری سیاسی بحران اور اسلام آباد میں مظاہرین کی جانب سے پی ٹی وی کے قبضے کی خبروں کے بعد مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی ۔ تاہم پاک فوج کے حرکت میں آنے اور آرمی چیف اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات کی مثبت خبروں کے باعث مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر ریکوری آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک مرتبہ پھر 28400 کی نفسیاتی حد بحال کرنے میں کامیاب ہو گیا تاہم اتار چڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 74پوائنٹس کمی سے 28493.74 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 325 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 16 ارب 31کروڑ 94لاکھ 47ہزار 964 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کار کی مجموعی مالیت گھٹ کر 67 کھرب 60کروڑ 93لاکھ 86 ہزار 604 روپے ہو گئی۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 114.89 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 5291.43 پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 76 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 8 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، 18کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 50 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ مارکیٹ میں کل 12 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔