پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو بجلی گیس بلا تعطل فراہم کی جائے: ایس ایم تنویر
لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرمین آپٹما ایس ایم تنویر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو پیداوار طلب کے مطابق گیس اوربجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے پنجاب میں طلب کے مقابلے میں کم گیس اور بجلی کے باعث پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ جس کے نتیجہ میں پنجاب میں متاثرہ ٹیکسٹائل ملوں کے پاس ایک شفٹ بند کرنے اور ٹیکسٹائل لیبر کو فارغ کرنے کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گارنٹی دی گئی تھی کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل ملوں کیلئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ عید کے بعد روزانہ 8 گھنٹے سے کم کیا جائے گا۔ لیکن کئی یقین دہانیوں کے باوجود پنجاب میں ٹیکسٹائل ملوں کو لوڈ شیڈنگ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم میں کافی بہتری آئی ہے اور بجلی کی مانگ کم ہو رہی ہے اس وقت ٹیکسٹائل ملوں کیلئے لوڈشیڈنگ ممکن ہے۔