بچت سکیموں میں سرمایہ کاری ہدف کا 68فیصد، پہلی سہ ماہی میں حاصل

کراچی(اے این این )مرکز قومی بچت نے رواں مالی سال بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کے لیے مقرر کردہ 225 ارب روپے کا 68 فیصد ہدف پہلی سہ ماہی میں ہی پورا کرلیا۔ماہرین کے مطابق قومی بچت اسکیموں میں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی حکومت پر عوام کے اعتماد کی دلیل ہے، اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار سے عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی تصدیق ہورہی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران 154ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ پہلی سہ ماہی کے لیے 56ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، اس طرح پہلی سہ ماہی کے دوران کی گئی سرمایہ کاری سہ ماہی ہدف سے 98ارب روپے جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کی گئی 54ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 100ارب روپے زائد ہے۔