اکنامک منیجرز شرح سود میں مزید کمی کریں: چیئر مین آپٹما احسن بشیر

لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان ٹیکسائل ملز ایسوسی ایشن (آپٹما) کے چیئر مین احسن بشیر نے زور دیا ہے کہ ملک میں خطے کے دیگر ممالک کے مطابق قرضوں پر شرح سود مقرر کی جائے تاکہ اقتصادی عشاریوں میں بہتری پیدا ہو سکے۔ آپٹما کے چیئر مین نے افراط زر کی شرح 8 فیصد پر لانے اور کرنٹ اکاﺅنٹ کے خسارے میں بہتری پر حکومت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کی بڑی کامیابی ہے اور اسی بہتری کی عکاسی آئندہ مانیٹری پالیسی میں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک منیجرز کو شرح سود میں مزید کمی پر توجہ دینی چاہیے۔ اس سے ملک میں صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بلند شرح سود کے باعث 2006ءکے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری میں سرمایہ کاری نہیں ہو سکی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ خطے میں مسابقت کے مطابق ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے شرح سود مقرر کی جائے۔