ڈسکاؤنٹ ریٹ کم ترین سطح پر لانا حکومتی کامیابی ہے: محمود غزنوی

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ڈسکائونٹ ریٹ کی شرح میں سو پوائنٹس کی کمی کو انڈسٹریل سیکٹر اور معیشت کے لیے حقیقی معنوں میں فائدہ مند بنانے کے لیے حکمت عملی وضع کرے ، ڈسکائونٹ ریٹ کی شرح کو تاریخ کی کمترین ترین سطح پر لانا حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے جسے کاروباری برادری بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ حکومت نے ڈسکائونٹ ریٹ میں نمایاں کمی کرکے نجی شعبے کی ترقی و معاشی استحکام کی جانب قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کاروباری برادری کو سستے قرضوں کی اشد ضرورت تھی ۔انہوں نے کہا کہ مارک اپ کی شرح میں کمی سے معاشی مسائل کم ہونگے اور نہ صرف مقامی سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا اور وہ نئے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ مارک اپ ریٹ میں کمی کا صحیح فائدہ حاصل کرنے کے لیے توانائی کا بحران اور دیگر مسائل حل کرنا ہونگے۔