محکمہ سوشل سکیورٹی کی تنظیم نو ناگزیر ہے: لاہور چیمبر آف کامرس

محکمہ سوشل سکیورٹی کی تنظیم نو ناگزیر ہے: لاہور چیمبر آف کامرس

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی تنظیم نو اور اسے تاجر برادری کے لیے حقیقی معنوں میں سہولیاتی ادارہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز، سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران نے شکایت کی ہے کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن نوٹس جاری کرکے اور چھاپے مار کے خوف و ہراس پھیلا رہا ہے جس سے کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے یہ بھی شکایت کی ہے کہ انہوں نے مالی حالات کی وجہ سے اپنے ملازمین کی تعداد تیس سے کم کرکے دس کردی لیکن سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ ابھی بھی تیس ملازمین کا کنٹری بیوشن طلب کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے لیکن کچھ عناصر ان کوششوں کو ناکام بنانے پر تلے ہوئے ہیں جس کا پنجاب حکومت کو نوٹس لینا چاہیے۔