رمضان بازار لگانے کی تیاریاں جلد مکمل کی جائیں: فرخ جاوید

رمضان بازار لگانے کی تیاریاں جلد مکمل کی جائیں: فرخ جاوید

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے تمام ضلعی انتظامیہ، محکمہ زراعت اور مارکیٹ کمیٹی کے عملے کو رمضان بازاروں کے حوالے سے تیاریاں جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوںنے ضلعی انتظامیہ کو ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت کی۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے ہدایت کی ہے کہ رمضان بازاروں میں سبزی ، پھل اور دالوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے آج یہاں زراعت ہاؤس میں رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری زراعت کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے عین مطابق رمضان المبارک میں عوامی نمائندے اور انتظامیہ فردا فردا رمضان بازاروں کا دورہ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ اس سال بھی حکومت پنجاب اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر بڑے پیمانے پر سبسڈی دے رہی ہے جس کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی ہر رمضان بازار میں بہترین معیار اور اعلی کوالٹی کی اجناس کی دستیابی یقینی بنائے۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔