جی ایس پی پلس کے کامیاب ریویو کیلئے وزارت تجارت نے تیاریاں مکمل کر لیں: خرم دستگیر
لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر تجارت انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزارت تجارت نے جی ایس پی پلس کے کامیاب ریویو کیلئے تیاری مکمل کر لی ہے ،گزشتہ سال تمام مسائل کے باوجود جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستان کی تجارت کو استحکام ملا اور یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں قریباًبیس فیصد اضافہ ہوا،ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں متعین جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سرل نن سے الوداعی ملاقات کے دوران کیا۔جرمن سفیر رواں ماہ میں اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہو جائیں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے لئے گئے اقدامات کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیرتجارت نے کہا کہ وہ جرمنی کے پاکستان کیلئے خیر سگالی کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،جی ایس پی پلس کے حصول میں جرمنی کی پاکستان کیلئے حمایت سے ثابت ہو گیا کہ جرمنی پاکستان کا حقیقی دوست ہے ۔