یوتھ لون سکیم کی شرائط میں نرمی سے معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی: کاروباری برادری

لاہور(کامرس رپورٹر)کاروباری برادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم شرائط میں نرمی  سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ۔نوجوان نسل کی کاروبار میں شمولیت سے صنعتی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ،وزیراعظم کی طرف سے نوجوانوں کی خواہش کے مطابق قرضہ کے حصول کیلئے شرائط میں نرمی خوش آئند ہے ۔  آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی ،اور  تاجر رہنما وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدر راجہ عدیل نے کہا ہے کہ یوتھ لون سکیم سے ملک سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو اپنا مستقبل سنوارنے کا موقع میسر آئے گا جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوجائے اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔راجہ عدیل نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کیلئے کچھ کرنے کا جذبہ اور ہمت رکھتی ہے لیکن ان کے عزم کے سامنے سرمایہ نہ ہونا رکاوٹ کا باعث تھا اب وزیراعظم لون سکیم سے بہت کم مارک اپ پر 20لاکھ روپے تک کے سرمایے کی فراہمی سے نوجوانوں کے کاروبار کے خواب شرمندہ تعبیر ہونگے ۔