سوئی ناردرن ٹیکسٹائل میڈاپ سیکٹر کے ساتھ امتیازی سلوک بند کرے: لاہور چیمبر

سوئی ناردرن ٹیکسٹائل میڈاپ سیکٹر کے ساتھ امتیازی سلوک بند کرے: لاہور چیمبر

لاہور  (کامرس رپورٹر) لاہو رچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر گیس کی سپلائی کے سلسلے میں ٹیکسٹائل میڈ اپ سیکٹر کے ساتھ امتیازی سلوک بند کرے وگرنہ برآمدات پر بہت منفی اثرات مرتب ہونگے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے خدشے کا اظہار کیا کہ جب تک حکومت ٹیکسٹائل میڈ اپ سیکٹر کو گیس کی سپلائی یقینی نہیں بناتی تب تک ای ایس پی پلس سٹیٹس سے فائدہ اٹھانا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹیکسٹائل سیکٹرز کو وعدے کے مطابق گیس فراہم کی جارہی ہے جبکہ ٹیکسٹائل میڈ اپ سیکٹر سے امتیازی سلوک کرتے ہوئے اس کی مشکلات میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم سیکٹر کو گیس کی بندش سے کئی ملین افراد بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے لہذا حکومت ایس این جی پی ایل حکام کو ترجیحات ازسر نو متعین کرنے کی ہدایت کرے۔