کراچی سٹاک مارکیٹ میں مندا‘ سرمایہ کاری میں 16 ارب 35 کروڑ کی کمی

کراچی (مارکیٹ رپورٹر) کراچی سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران مندی کے جاری تسلسل پر کے ایس ای 100انڈیکس 62.47پوائنٹس کمی پر 7720.93 پر بند رہا جس سے سرمایہ کاری مالیت میں 16ارب 35کروڑ روپے سے زائد کمی کے باعث کاروبار بدستور غیریقینی سے دوچار رہا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک کی مونٹیسوری پالیسی میں شرح سود میں کمی نہ کئے جانے کے خدشات‘ بروکرز ہائوسز کی ادائیگی نہ ہونے کے معاملات کمپنیوں کے منافع میں مثبت پیش رفت نہ ہونے‘ خریداروں کی کم دلچسپی اورکاروباری حجم میں کمی کے اثرات غالب آنے کے باعث سرمایہ کاروں بالخصوص غیرملکی سرمایہ کاروں نے مایوسی اورافراتفری کے عالم میں بینکنگ‘ آئل اینڈ گیس‘ ٹیلی کمیونیکیشن‘ سیمنٹ سیکٹرز سمیت بیشتر حصص اونے پونے داموں پر فروخت کرکے ا پنے پھنسے ہوئے سرمایہ کے انخلاء کی کوششوں میں سرگرداں پائے گئے۔ بازار حصص کے ماہرین کے مطابق اگلے روز مارکیٹ میں غیرملکی سرمایہ کاری اور معیشت میں بہتری کے حوالے سے نہ صرف تیزی کا امکان ہے بلکہ اس سے انڈیکس بھی 8000کی ریکارڈ حد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا۔