ٹیکسٹائل سیکٹر کو ترجیحی بنیادوں پر گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے: وفاقی وزیر

لاہور(کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر ٹیکسٹائل رانا فاروق سعید نے کہا ہے کہ سوئی ناردن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کو پاور سیکٹر کو گیس کی سپلائی بڑھانے کے لئے ٹیکسٹائل سیکٹر کی گیس بند نہیں کرنی چاہیے ۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گذشتہ روز سوئی ناردن کے ہیڈ آفس میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن(آپٹما) اور سوئی ناردن کے اعلیٰ حکام کے رابطہ اجلاس میں کیا ہے۔ اجلاس میں آپٹما کے چیئرمین طارق محمود، آپٹما پنجاب کے چیئرمین اکبر شیخ اور قائم مقام ایم ڈی سوئی ناردن ابرار احمد موجود تھے۔ وفاقی وزیر ٹیکسٹائل نے ہدایت کی کہ فرٹیلائزر سیکٹر کی طرح ٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر دی جائے اس کے بعد گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جائے۔ سوئی ناردن کے حکام نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث ٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس کی فراہمی متاثر ہوئی اس کی مرمت کی جا چکی ہے اس لئے ٹیکسٹائل سیکٹر کو گیس کی فراہمی جلد شروع ہو جائے گی۔