لاہور : رمضان المبارک سے قبل ہی گھی‘ تیل اور چینی مہنگے ہوگئے

لاہور (کامرس رپورٹر) رمضان المبارک سے قبل ہی منافع خوری کا سلسلہ شروع‘ ایک کلو گھی دو روپے اور تیل سوا روپے مہنگا کر دیا گیا۔ فی کلوگرام چینی کی قیمت بھی ایک روپیہ بڑھا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق جمعے کو عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت اضافے اور رمضان المبارک سے قبل زائد منافع خوری کی وجہ سے گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ گھی کمپنیوں نے سولہ کلوگرام گھی کے کنستر کی قیمت تیس روپے اضافے سے ایک ہزار سات سو روپے کر دی جبکہ خوردنی تیل کا کنستر بھی بیس روپے مہنگا کرکے ایک ہزار چھ سو تیس روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک میں چینی کی طلب بڑھنے کے پیش نظر منافع خوروں نے اس کی ذخیرہ اندوزی شروع کر دی جس کی وجہ سے چینی کی فی کلوگرام قیمت ایک روپے اضافے سے انچاس روپے پر پہنچ گئی ہے۔