سابق حکومت نے 8 ماہ میں 911 ارب روپے قرض حاصل کیا

کراچی (این این آئی) پانچ سال کی مدت پوری کرنے والی حکومت نے رواں مالی سال کے8 مہینے اور 15 دن میں 9 کھرب روپے سے زائد قرضے بینکوں سے لئے جو بجٹ سپورٹ کیلئے حاصل کئے گئے۔ سابق حکومت نے نجی بینکوں اور مرکزی بینک کے علاوہ نیشنل سیونگز سے بھی 279 ارب روپے قرض کی مد میں حاصل کئے۔ سابق حکومت نے رواں مالی کے پہلے 8 ماہ 15 دنوں میں 911 ارب روپے قرض حاصل کیا۔ رواں مالی سال کے اختتام پر مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 8 فی صد سے زائد رہنے کا خدشہ ہے۔ حکومت کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑا جس کا حل بینکاری نظام سے قرضوں کی صورت نکالا گیا۔ نگران حکومت بھی سرکاری امور چلانے کیلئے بینکوں سے ہی قرضے لے گی۔