ایپکا آج قلم چھوڑ ہڑتال، پنجاب سول سیکرٹریٹ کا گھیرائو کرے گی
لاہور (صباح نیوز)ایپکا پنجاب کی اپیل پر آج پنجاب بھر کے کلرکس و ملازمین سرکاری دفاتر میں مکمل قلم چھوڑ ہڑتال اور تمام ضلعی ہیڈکواٹرز پر احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں تمام محکمہ جات کے ملازمین ناصر باغ میں جمع ہوں گے اور پھر پنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاج کریں گے۔ ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام ٹیکنیکل اورنان ٹیکنیکل کیڈرز کو اپ گریڈ نہیں کیا جاتا۔ بجٹ میں تمام ایڈہاک ریلیف الائونسزکوموجودہ تنخواہوں میں ضم کرکے نئے پے سکیل بنائے جائیںپھر ان میں مزید 30فیصد اضافہ کیاجائے۔ ہائوس رینٹ، کنوینس اور میڈیکل الائونس میں بھی اضافہ کیا جائے اورسرکاری ملازمین کی تنخواہ سے انکم ٹیکس کی کٹوتی فوری طور پر ختم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار ایپکا کے صوبائی صدر محمد سلطان مجدی نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کے یہ مطالبات بالکل جائز ہیںاور وہ ان کے لئے سڑکوں پر نکلنے سے گریز نہیں کریں گے۔
ایپکا/ احتجاج