غیر یقینی سیاسی حالات سٹاک مارکیٹ میں مندا برقرار‘ مزید 33 ارب ڈوب گئے
کراچی(مارکیٹ رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے دوسرے روز بھی جاری مندی پر100 انڈیکس 173.13 پوائنٹس کمی پر 36200‘ 36100‘ 36000 کی 3بالائی حدود سے گر کر36061.56 کی نچلی سطح پر بند رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 33ارب 41کروڑ روپے سے زائد کمی رہی سیاسی حالات میں غیریقینی کیفیت‘ غیرملکی سرمایہ کاری میں متواتر کمی کے باعث سرمایہ کاروں نے موجودہ حالات میں مایوس ہوکر گیس وآئل‘ سمیت بیشتر حصص کی کم داموں خریدوفروخت کرکے اپنے سرمایہ کے حصول میں سرگرم رہے جس کے نتیجے میں مارکیٹ اختتام پر 100 انڈیکس 173.13 پوائنٹس کمی پر 36061.56پربند رہا۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 361 کمپنیوں تک رہا۔ جس میں 146 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ‘192کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی اور23 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مجموعی مارکیٹ کیپٹل 73 کھرب 91ارب ایک لاکھ 89ہزار816 روپے سے کم ہوکر73 کھرب 57ارب 58کروڑ 91 لاکھ 99ہزار242 روپے ہوگئی۔ گزشتہ پیر کے مقابلے میں کاروباری سرگرمی ایک کروڑ 53لاکھ 38ہزار480 حصص سے زائد رہی اور مجموعی سودوں میں 22کروڑ 7لاکھ 86ہزار600 حصص کے کاروبار میں زائد لین دین ریکارڈ رہا۔