”ہائیکورٹ کا فیصلہ قابل تحسین ہے، کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہو چکی “

لاہور (پ ر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کالا باغ ڈیم پر لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بجلی و پانی کی بڑھتی ہوئی قلت اور ہر سال سیلاب کی تباہ کاریوں کے پیش نظر اس کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے لاہور چیمبر کے صدر فاروق افتخار، سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ اور نائب صدر میاں ابوذرشاد نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے نے بجلی کے بحران سے پریشان لوگوں کیلئے امید کی کرن پیدا کر دی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرکے تاکہ نہ صرف وافر اور سستی بجلی پیدا کی جا سکے بلکہ زرعی زمین کو بنجر ہونے سے بھی بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر حکومت کی خاموشی سے ملکی معیشت کو سالانہ 132 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے نوشہرہ کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ یہ ڈیم سے 150 فٹ بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے فیصلہ سازوں اور بیوروکریٹس کو کالا باغ ڈیم سے صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک بھر کو فائدہ ہوگا۔ خیبر پی کے میں آٹھ لاکھ ایکڑ فٹ زمین زیر کاشت آئے گی جس سے صوبے میں غربت کم ہو گی۔