فلسفہ کربلا کے اصل مقاصد کو سمجھنے کی ضرورت ہے: قاری زوار بہادر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماءپاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسینؓ نے میدان کربلا میں قربانی پیش کرکے اسلام کی آبیاری کی۔ قاری زوار بہادر نے کہا کہ یزید کے پیروکار ملک میں ہر روز کربلا برپا کررہے ہیں مگر کوئی ان کا ہاتھ روکنے والا نہیں۔ امام حسینؓ کی یہ قربانی پوری اُمت کے لئے مشعل راہ ہے اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی دی ہوئی قربانی کے اصل مقاصد کو سمجھا جائے اور اس وقت کے یزیدوں کا بحیثیت قوم مقابلہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی، بلوچستان اور دیگر شہروں کو قتل گاہ بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہادت امام حسینؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت حاجی نذیر احمد نارگ نے کی۔