مسلم لیگ ق کی قیادت ہی ملک کو اندھیروں سے باہر نکال سکتی ہے: چودھری محمد اکرم

چودھری شجاعت حسین کی فکر اور سوچ نے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا: صدر مسلم لیگ ق بیلجئم
برسلز (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ق کی قیادت ہی پاکستان کو گھٹاٹوپ اندھیروں سے باہر نکال کر ملک میں امن خوشحالی و ترقی کا فروغ عمل میں لا سکتی ہے۔ قائد جمہوریت چودھری شجاعت حسین کی فکر اور سوچ نے ملک میں مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا۔ آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور بین الاقوامی سطح پر ہماری پیاری دھرتی کا نام اور سکھ بہتر ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ق بیلجئم کے راہنما چودھری محمد اکرم منہاس نے اپنی پارٹی کی طرف سے بحیثیت صدر بیلجئم اپنی تقرری کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ صدر جماعت چودھری شجاعت حسین سیکرٹری جنرل مشاہد حسین اور اوورسیز پاکستانی کے صدر سردار اصغر علی چودھری نے انہیں بیلجئم کی ذمہ داری اور بحیثیت صدر مقرر کر کے اُن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وہ قیادت کو کبھی مایوس نہیں کریں گے بلکہ پہلے سے بہتر انداز میں خدمات سرانجام دے کر ق لیگ کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے کیونکہ وقت اور حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ ق لیگ ہی معاشرتی برائیوں کو ختم کر کے ایک پرامن اور ترقی پسند معاشرہ قائم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یورپین یونین میں ق لیگ کے ذریعے پاکستان کی لابی کر کے پاکستان کی ساکھ میں اضافہ کریں گے۔