جمہوریت کے دعویدار بھارت کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کیا جا ئے: سکندر حیات

برسلز (نامہ نگار) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے سپریم لیڈر سردار سکندر حیات خان نے کہا کہ سمندر پارکشمیری بھارت کو ہر سطح پر بے نقاب کرنے کے لئے اقدامات کریں تاکہ جمہوریت کے دعویدار بھارت کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کیا جا سکے۔ سردار سکندر حیات جو مسلم کانفرنس یورپ کے کنوینئر راجہ تصور حیات سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایک مستحکم نظریاتی حکومت قائم ہے جو عوام کے بنیادی مسائل اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے جدوجہد میں مصروف ہے۔ انہوں نے سمندر پار کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بین الاقوامی سطح پر کوششیں کریں اور مسلم کانفرنس کو بھرپور اندازمیں منظم کریں۔ مسلم کانفرنس واحد ریاستی جماعت ہے جو کشمیریوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اس کے لئے موزوں ہے کہ یورپ کے ہر ملک میں مسلم کانفرنس کو متحد کیاجائے تاکہ بھارتی لابی کو منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے وہ یورپ کادورہ کر کے کارکنوں سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ ان میں پائے جانے والے خدشات ختم ہو سکیں۔