جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا چین سے نہیں بیٹھیں گے: بیرسٹر ترمبو

 برسلز (وقار ملک) کشمیر سنٹر برسلز کے چیف ایگزیکٹو بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے کہا کہ بھارت نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور متشدد کارروائیوں کو بین الاقوامی طاقتوں سے اوجھل کرنے کی ایک ناکام مشق کر رہا ہے۔۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا اور کشمیری بھارتی چنگل سے آزاد نہیں ہو جاتے۔ انہوں نے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ کی طرف سے بھارت میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے قرارداد کی منظوری خوش آئند اقدام ہے۔ آج دنیا بھر میں این جی اوز اور پارلیمنٹ انسانوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں کوشاں ہیں اور ہر چہار اطراف بھارت کے خلاف آواز بلند ہو رہی ہے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کو کشمیر کو آزاد کرنا ہو گا۔ بیرسٹر ترمبو نے کشمیر سنٹر لندن میں پروفیسر نذیر شال اور کونسلر محمد رﺅف کی خدمات کو بے حد سراہا جنہوں نے شیفلڈ کی کونسل میں کشمیری نمائش اور سیمینار کا انعقاد کر کے ممبران پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کو مسئلہ کشمیر کی نزاکت سے آگاہ کیا موجودہ صورتحال میں کشمیریوں کو کشمیر سنٹر کے پلیٹ فارم پر متحد ہو کر تحریک آزادی کشمیر کے لئے کام کرنا ہو گا اور ان عناصر سے دور رہنا ہو گا جو اپنی سیاست چمکانے کی غرض سے مسئلہ کشمیر کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔