قبائلیوں پر برسانے کیلئے حکومت امریکہ کو میزائل خود فراہم کرتی ہے: قاضی

قبائلیوں پر  برسانے  کیلئے حکومت امریکہ  کو میزائل خود فراہم  کرتی ہے: قاضی

لاہور ( نمائندہ خصوصی ) امیرجماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا کہ حکومت امریکہ کو قبائلیوں پر برسانے کے لیے میزائل خود سپلائی کرتی ہے، منصورہ میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدا کے دشمن، ناشکرے لوگ ہم پر مسلط ہیں جس کی وجہ سے ہماری آزادی چھن گئی ہے، خدا کے بجائے امریکہ کے سامنے جھکنا، ظلم عظیم ہے جو طاغوت کا حکم مانتے ہیں اور خدا کا انکار کرتے ہیں۔ انہوں نے ظلم کا راستہ مضبوطی سے پکڑ لیا۔ قاضی حسین احمد نے کہا بچیوں کے سکولوں کو اڑانا، دھماکے کروانا، لوگوں کو ذبح کرنا شریعت کے منافی کام ہیں، لیکن یہ کون کررہا ہے، آج تک کسی کو پتہ نہیں، اسلام سے ان لوگوں کا کوئی تعلق نہیں، ایجنسیوں اور امریکہ اور اس کے حواریوں نے امن برباد کرنے کے لیے ایسے لوگ تیار کررکھے ہیں، اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیں مل کر جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ ظلم اور ظالموں کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے کہا ہے کہ وکلاء تحریک مسلم لیگ (ن) یا کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ آئین کی بحالی کی جدو جہد ہے۔ وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی ہونی چاہئے اور وکلاء اسی مقصد کیلئے جدو جہد کر رہے ہیں، جماعت اسلامی وکلاء کے ساتھ ہے۔