درجنوں وارداتیں ‘ ڈاکوئوں نے شیخوپورہ روڈ پر ٹرک ڈرائیور کو قتل کردیا ‘ ورثا کا مظاہرہ

لاہور+ فیروزوالا+ شیخوپورہ (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی) ڈاکوئوں اور چوروں نے درجنوں وارداتوں میں شہریوں کو لاکھوں سے محروم کردیا۔ ڈاکوئوں نے مصری شاہ میں خاتون‘ شیخوپورہ روڈ پر ایک ٹرک ڈرائیور کو قتل دوسرے کو شدید زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک درجن کے قریب مسلح ڈاکو جاوید نگر کے قریب سڑک پر درخت پھینک کر روڈ بلاک کرکے گاڑیوں کو لوٹ رہے تھے۔ اس دوران لاہور سے آنے والے ٹرک کو ڈاکوئوں نے روکا تو ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جس پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی اور گولی لگنے سے ڈرائیور محمد رفیق موقع پر ہلاک جبکہ دوسرا ٹرک ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ واقعہ کی فوری اطلاع کے باوجود پولیس تھانہ فیکٹری ایریا تاخیر سے پہنچی۔ مقتول رفیق کے ورثاء اور دیگر گاڑیوں کے ڈرائیور بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے جنہوں نے سڑک کے دونوں اطراف پر ٹائروں کو آگ لگا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹریفک بند کردی۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے موقع پر پہنچ کر مقتول کے ورثاء اور ڈرائیوروں سے بات چیت کی اور ٹریفک کا نظام بحال کرایا۔ مقتول محمد رفیق جنڈیالہ شیر کا رہنے والا تھا۔ فیکٹری ایریا پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مقتول کی نعش قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال بھیج دی۔ 8 ڈاکوئوں نے مانگامنڈی میں ندیم کے گھر لوٹ مار کرنا چاہی تو دیہاتیوں کو خبر ہوگئی جس پر اہل دیہہ نے ڈاکوئوں کو گھیر کر فائرنگ کردی اور ڈاکو بھی 2 گھنٹے جوابی فائرنگ کرتے رہے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مصری شاہ میں ڈاکوئوں نے ایک خاتون سے نقدی اور موبائل چھیننے کے بعد مزاحمت پر پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کردیا جبکہ شعیب کی دکان سے نقدی اور موبائل چھیننے کے بعد فرار ہوتے 2 ڈاکوئوں کو اہل علاقہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ جوہر ٹائون میں ڈاکوئوںنے جاوید کے گھر سے 3 لاکھ، شفیق آباد میں لیاقت کے گھر سے 2 لاکھ، شادمان میں اظہر کے گھر سے اڑھائی لاکھ، ڈیفنس میں ہارون بشیر کے گھر سے 3 لاکھ، بادامی باغ میں معراج اور اس کی فیملی سے 3 لاکھ مالیت کے زیورات، نقدی اور موبائل لوٹ لیے۔ سٹی رائیونڈ میں شہزاد سے 2 لاکھ، موبائل اور موٹرسائیکل، چوہنگ میں خرم کے گھر سے ایک لاکھ، لٹن روڈ میں عمران اور اس کی بیوی سے 75 ہزار، باغبانپورہ میں نجم اور اس کی بیوی سے 50 ہزار مالیت کے زیورات، نقدی اور موبائل لوٹ لیے۔ رنگ محل میں حنیف سے ایک لاکھ، پرائز بانڈ اور موبائل چھین لیے۔ شادباغ میں اکرم سے 10 ہزار اور موبائل، نواں کوٹ میں ریحان سے 15 ہزار اور موبائل، اسلام پورہ میں کامران سے 15 ہزار اور موبائل، سبزہ زار میں ریاض سے 45 ہزار اور موبائل، ہربنس پورہ میں شکیل کے سنوکر کلب سے 50 ہزار اور موبائل، باغبانپورہ میں ندیم سے 45 ہزار اور موبائل، کاہنہ میں حماد سے 40 ہزار اور موبائل، شاہدرہ ٹائون میں رحمان اور اس کی فیملی سے 50 ہزار، زیورات اور موبائل، شادمان میں ڈاکٹر اظہر سے 35 ہزار اور موبائل، چوہنگ میں منشاء سے 15 ہزار اور موبائل، چوہنگ میں خرم سے ایک لاکھ کی نقدی، زیورات اور موبائل لوٹ لیے۔ شفیق آباد میں آصف جمیل سے ایک لاکھ اور دو موبائل، ٹائون شپ میں طاہر سے 53 ہزار اور دو موبائل، شادباغ میں کاشف سے 30 ہزار اور ایک موبائل، مصطفی آباد میں ناصر علی سے 21 ہزار اور دو موبائل، شاہدرہ میں گوالے صادق گجر سے 18 ہزار اور موبائل چھین لیا۔ چوروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران شمالی چھائونی اور شاہدرہ ٹائون سے دو کاریں، لٹن روڈ اور شفیق آباد سے دورکشے جبکہ کاہنہ، راوی روڈ اور سبزہ زار سے 3 موٹرسائیکلیں چوری کر لیں اور فرار ہو گئے۔