بہاولپور: تین ڈاکٹروں، نرس میں کانگو وائرس کا انکشاف، کراچی منتقل، ریڈ الرٹ مشیر صحت نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی
بہاولپور+ لاہور (بیورو رپورٹ + نامہ نگار + نیوز رپورٹر) بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں کانگووائرس کاانکشاف سکریننگ میں 3 ڈاکٹروں اورایک سٹاف نرس کے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی جبکہ متاثرہ ڈاکٹروں کو علاج کیلئے آغا خان ہسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملتان اور لاہور سے ڈاکٹروں کی ٹیمیں بی وی ہسپتال پہنچ گئیں۔ ابتدائی سکریننگ کے دوران تینوں افراد میں کانگووائرس ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان ڈاکٹروں اور سٹاف نرس کو ڈاکٹرساغر نامی سے کانگو وائرس منتقل ہواجنہوں نے لودھراں کی ایک خاتون کا آپریشن کیا تھا اور وہ کانگروائرس کاشکار ہوگئے تھے۔ وائرس کے شکار ڈاکٹر صغیر سمیجہ بہاول وکٹوریہ ہسپتال کی میڈیکل فورس تعینات ہیں جبکہ ڈاکٹراویس شعبہ حادثات میں کام کرتے تھے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میںکانگو وائرس کے مریض سامنے آنے پر فوری طور پر محکمہ صحت کے سینئر پروفیسرز پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے جو تمام صورتحال کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریگی۔متاثرہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے تمام افراد کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اور وائرس کا انکوبیشن پیریڈ مکمل ہونے تک مذکورہ افراد کو زیر نگرانی رکھا جائے گا تاکہ مرض کو پھیلنے سے روکا جا سکے جبکہ محکمہ صحت اور عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے حفاظتی انتظامات شروع کر دئیے ہیں۔ دو ڈاکٹرز میں کانگو وائرس کی علامات کی تصدیق کے بعد ضلع لودھراں اور بہاولپور میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔