ترقیاتی بجٹ: 3 صوبوں کیلئے فنڈز میں کٹوتی‘ وفاق نے پنجاب کو ڈبل رقم دی
لاہور ( معین اظہر سے ) وفاقی حکومت نے چاروں صوبوں ترقیاتی منصوبوں میں دی جانے والی مالی مدد میں موجودہ مالی سال کے دوران تین صوبوں کی کٹوتی کر دی ہے جبکہ پنجاب کے طے کر دہ بجٹ سے ڈبل رقم فراہم کر دی ہے ۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق جو منصوبے وزیر اعظم یا وفاقی حکومت مالی سال کے دوران اعلان کرتے ہیں اسکی رقم وفاقی حکومت امداد کی صورت میں فراہم کرتی ہے تاہم اگلے مالی سال کے پنجاب کی رقم میں تین گنا اضافہ کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع کے مطابق اگلے سال الیکشن کی وجہ سے وزیر اعظم کے پی کے اور سندھ میں منصوبوں کے اعلان کریں گے، اس کیلئے سندھ اور کے پی کے کی رقم میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ہر سال صوبوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی مددد فراہم کی جاتی ہے عموما ًوفاقی حکومت ، وزیر اعظم ، وفاقی وزراء جن ترقیاتی سکیموں کا اعلان کرتے ہیں صوبے اس کیلئے وفاقی حکومت کے منصوبوں کے بدلے میں ان پر خرچ ہونے والی رقم کا مطالبہ کرتے ہیں جس کیلئے وفاقی حکومت یہ رقم ان کو مالی مدد کے طور پر فراہم کرتی ہے جس کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جاتی ہے ۔ موجودہ مالی سال 2016-17 کے دوران وفاقی حکومت نے بلوچستان کیلئے 6 ارب 18 کروڑ روپے کی رقم مختص کی تھی جبکہ ان کو 4 ارب 59 کروڑ 10 لاکھ روپے کی فراہم کئے گئے۔ خیبر پی کے کیلئے 12 ارب 90 کروڑ کی رقم مختص کی گئی تھی انہیں صرف 6 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ روپے دئیے گئے ۔ پنجاب کے لئے وفاقی حکومت نے بجٹ میں 35 ارب 70 کروڑ کی رقم مختص کی تھی لیکن اسے 69 ارب 80 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی گئی ہے ۔ سندھ حکومت کے لئے بجٹ میں 39 ارب 57 کروڑ 60 لاکھ روپے کی رقم رکھی گئی تھی اسے 23 ارب 71 کروڑ 90 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی گئی تھی ۔ آئندہ مالی سال 2017-18ء کیلئے پنجاب کی رقم میں تین گنااضافہ کر دیا گیا ہے ۔ بلوچستان کیلئے 6 ارب 1 کروڑ ‘ خیبرپی کے کیلئے 29 ارب 15 کروڑ ‘ پنجاب کیلئے ایک کھرب 25 ارب 60 کروڑ اورسندھ کیلئے 43 ارب 31 کروڑ کی رقم رکھی گئی ہے۔اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے الزام عائد کیا جارہا ہے وفاقی حکومت اگلے سال کی الیکشن مہم سرکاری خزانے سے چلانے کا پروگرام بنا رہی ہے۔ تاہم وفاقی حکومت کے مطابق جس وقت پیپلز پارٹی کی وفاق میں حکومت تھی تو اسی طرح سندھ میں رقم خرچ کی جاتی تھی، اس کیلئے ذرائع نے بجٹ 2011-12 کے اعداد شمار دئیے ہیں اس کے مطابق پنجاب کیلئے 32 ارب 76 کروڑ رکھے گئے تھے لیکن پنجاب کو 13 ارب 93 کروڑ فراہم کئے گئے تھے جبکہ سندھ کیلئے 13 ارب 87 کروڑ رکھے گئے تھے لیکن اسے 25 ارب 84 کروڑ روپے کے فنڈز دئیے گئے تھے۔ اسی طرح اس وقت خیبر پی کے میں پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت تھی تو خیبر پی کے کیلئے 6 ارب 17 کروڑ کے فنڈز رکھے گئے تھے لیکن ان کو 10 ارب 26 کروڑ کے فندز دئیے گئے تھے جو تقریبا پنجاب کے فنڈز کے برابر تھے ۔