شیخوپورہ: کرنٹ لگنے سے لائن مین جاں بحق‘ 5 لیسکو افسر، اہلکار معطل
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) جوئیانوالہ موڑ کے علاقہ ارائیانوالہ میں لیسکو شیخوپورہ کا لائن مین ٹرانسفارمر پر جمبر لگاتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ لائن مین مقصود بٹ بغیر کسی حفاظتی آلات کے مذکورہ گائوں کے ٹرانسفارمر پر بجلی کا جمپر ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک اس کا ہاتھ ہائی ٹرانسمیشن لائن سے چھو گیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ متوفی لائن مین کو اس کے آبائی گائوں بیراورکاں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ جنازہ اٹھنے پر گائوں میں کہرام مچ گیا۔ لیسکو چیف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 5 افسروں اور ملازمین کو فوری معطل کر دیا۔ ان میں منیجر آپریشن شیخوپورہ سرکل محمد لطیف مغل‘ ڈپٹی منیجر آپریشن ڈویژن شیخوپورہ اعجاز احمد بھٹی‘ اسسٹنٹ منیجر آپریشن سٹی سب ڈویژن شیخوپورہ سلمان مجید اور لائن سپرنٹنڈنٹ فیصل امین‘ اسسٹنٹ لائن مین سب ڈویژن چیئرمین لیبر یونین کبیر منج شامل ہیں۔