سانس کے سوا ہر چیز پر ٹیکس لگادیا گیا: بابر اعوان
اسلام آباد( بی بی سی ) پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کوخوش آئند قراردیا ہے لیکن مجموعی طور پرعوام کے لیے اسے خسارے کا بجٹ قراردیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کا لکھا ہوا سزائے موت کا ایسا آرڈر ہے جو پاکستان کے غریبوں کو پڑھ کے سنایا گیا ہے۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سانس کے سوا ہر چیز پر ٹیکس لگایا گیا، ان حالات میں تنخواہوں میں کم ازکم 30 فیصد اضافہ ہونا چاہیے تھا۔ فاروق ستار نے کہا کہ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی ہے کہ اس میں کوئی خاص ٹیکس نہیں لگائے گئے جبکہ میں دعوے سے کہتا ہوں کہ چار سو سے پانچ سو کے نئے ٹیکس اس بجٹ میں لگائے گئے ہیں اور سال بھر منی بجٹ بھی آتے رہیں گے۔