تحریک انصاف پونے 3 سال میں ایک کے سوا تمام نشستیں کھو بیٹھی
چکری (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) واہ، ٹیکسلا۔ پی پی 7 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کی ایک اور وکٹ گرا دی۔ تحریک انصاف پچھلے پونے تین سال میں ایک کے سوا تمام نشستوں کو کھو بیٹھی ہے۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے محمد صدیق کی وفات سے خالی ہوئی تھی جو وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی سیاسی حکمت عملی سے مسلم لیگ (ن) نے جیت لی۔ یہ بات قابل ذکر ہے 2013 ء کے عام انتخابات میں غلام سرور خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ریٹرننگ آفیسر پر جانبدارانہ رویہ اور مبینہ طور پر انتخابی نتائج تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا۔ پیر کو وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان جب چکری میں ووٹ ڈالنے گئے تو چکری اور گردو نواح سے سینکڑوں افراد ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے پولنگ سٹیشن پہنچ گئے۔ چکری کی گلیوں اور لوگوں نے نعرے لگا کر انکا خیرمقدم کیا اور وکٹری کا نشان بنا کر انکا استقبال کیا۔ چکری کی خواتین نے چودھری نثار علی خان کو دیکھ کر ان کیساتھ سلفیاں بنائیں۔ عمر رسیدہ خواتین بھی انہیں دعائیں دیتی نظر آئیں۔ چودھری نثار تمام حفاظتی انتظامات کو بالائے طاق رکھ کر عوام میں گھل مل گئے۔ وزیر داخلہ نے سینئر صحافیوں کے اعزاز میں عصرانہ دیا۔ چودھری نثار نے کہا کہ 3 سال بعد ٹیکسلا واہ اور وادی سواں کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ دیکر ثابت کر دیا ہے 2013 ء کے الیکشن میں ان کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔