پی آئی اے کے ایک طیارے میں فنی خرابی دوسرے کا پائلٹ دوران پرواز بے ہوش


کراچی، دبئی (نوائے وقت رپورٹ) دبئی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 212 میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق کپتان نے ٹیک آف سے پہلے ہی طیارے کو رن وے پر روک لیا۔ طیارے میں ایک سو سے زائد مسافر سوار تھے جو محفوظ رہے۔ ادھر لاہور سے کراچی جانے والی پرواز 305 میں دوران پرواز پائلٹ بے ہوش ہو گیا۔ مسافروں کے مطابق لینڈنگ سے قبل کاک پٹ کا دروازہ کھلا اور پائلٹ باہر نکلتے ہی گر پڑا۔ فضائی میزبان نے اسے آکسیجن ماسک لگایا۔ مسافروں نے سوال کیا کہ جہاز کون اڑا رہا ہے۔ جس پر فضائی میزبان نے کہا کہ جہاز دوسرا پائلٹ اڑا رہا تھا۔ پائلٹ کی طبیعت خراب ہو گئی ہے۔ طیارہ بحفاظت کراچی ائر پورٹ پر لینڈ کر گیا۔