مصر میں جج لڑ پڑے‘ ایک نے دوسرے کو زمین پر پٹخ دیا، گالم گلوچ


قاہرہ (آن لائن) مصر میں ججوں کی یونین کی جنرل کونسل کے منعقدہ غیر معمولی اجلاس کے موقع پر شرکاء اس وقت حیرت کی تصویر بن گئے جب اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے ایک جج نے دوسرے جج کو زمین پر پٹخ دیا۔ تاہم اس موقع پر باہم دست و گربیان ججوں کی بلند آواز اس ہال تک جا پہنچی جہاں یونین کے صدر جسٹس احمد الزند خطاب کر رہے تھے۔ انہیں شور شرابے کے باعث تھوڑی دیر کو اپنا خطاب روکنا پڑا۔ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں جسٹس الزند کے خطاب پر پروگرام میں شریک جج نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا تو اس پر جلسے میں شریک ایک دوسرے جج نے اول الذکر کو تنقید سے روکا، بات بڑھتے بڑھتے گالم گلوچ اور پھر تھپڑوں اور مکوں تک جا پہنچی۔ ادھر ججوں کی یونین نے اجلاس کے اختتام پر منظور کی جانے والی قرارداد میں صدر مرسی پر زور دیا گیا ہے کہ اختیارات میں اضافے کے لئے جاری کئے جانے والے صدارتی فرمان واپس لئے جائیں کیونکہ یہ عدلیہ کی آزادی پر غیر معمولی حملہ ہے۔ جس وقت ججوں کا اجلاس جاری تھا اس وقت باہر جمع مظاہرین کو منشتر کرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔