شاہ عبداللہ کی صحت کے حوالے سے افواہیں درست نہیں: ولی عہد


ریاض (اے پی پی) سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ شاہ عبداللہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں‘ ڈاکٹروں نے انہیں کچھ دنوں کے لئے ہسپتال میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ کابینہ اجلاس کے موقع پر ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ شاہ عبداللہ کی صحت کے حوالے سے افواہیں درست نہیں ہیں۔ کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے شاہ عبداللہ کے آپریشن‘ علاج اور صحت کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر کابینہ ارکان نے شاہ عبداللہ کے کامیاب آپریشن پر انہیں مبارکباد پیش کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ ادھر عربی زبان کے اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہ عبداللہ کا جسم دو روز سے حرکت نہیں کر رہا اور ان کے بارے میں ایسی اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ وہ ٹیکنیکل طور پر زندہ نہیں ہیں۔ شاہ عبداللہ کے جسم کے بنیادی اعضاءکام نہیں کر رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ تین سے چار روز میں کیا جائے گا۔