تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان کے پشاور میں غیر ملکی سفارتی مشن میں مقیم ہونے کا انکشاف


پشاور/اسلام آباد(آئی این پی) تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان کے پشاور میں واقع ایک غیر ملکی سفارتی مشن کے سیف ہاﺅس میں مقیم ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور وہ وہاں سے نہ صرف ملک میں ہونے والی دہشت گردی کے ہر واقعہ کی فوری ذمہ داری قبول کرتا ہے بلکہ غیر ملکی بالخصوص امریکی میڈیا کو بروقت دستیاب رہتا ہے۔ باخبر اور ذمہ دار سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے یہ ہاﺅس دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والے صف اول کے ملک کے زیر استعمال ہے اور اس کی سکیورٹی نہ صرف فول پروف ہے بلکہ وہاں کسی بھی پاکستانی سکیورٹی ادارے کو رسائی حاصل نہیں۔ ذرائع نے بتایا ترجمان کو مواصلاتی رابطے کے جدید الات فراہم کئے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا احسان اللہ احسان امریکی میڈیا سے بات چیت کے دوران پاکستان کے خلاف سنگین الزام تراشی کرتے ہیں۔