امن و امان پر بحث کیلئے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 3دسمبر کو بلانے کا فیصلہ


کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان حکومت نے امن و امان کی صورتحال پر بحث کیلئے صوبائی اسمبلی کا اجلاس تین دسمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اسلم رئیسانی نے کہاکہ پراپیگنڈے کے باوجود صوبے میں امن کے قیام کیلئے حوصلے بلند اور عزم جواں ہے، ملک دشمن عناصر کے خلاف ڈٹے ہیں اور ڈٹے رہیں گے۔ وزیر داخلہ رحمن ملک کو امن و امان پر ان کیمرہ بریفنگ دینے کی درخواست کی جائے گی۔ اجلاس میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ونگ قائم کرنے کی تجویز دی گئی۔ علاوہ ازیں اسلم رئیسانی نے عاشورہ محرم کے بخیر وخوبی گزرنے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے۔