ٹھٹھہ : سمندر میں طغیانی 500 ماہی گیر 210 کشتیوں سمیت لاپتہ‘ درجنوں دیہات زیرآب آ گئے

کراچی، ٹھٹھہ، جاتی (نمائندگان) سمندر میں طغیانی کے باعث شکار کے لئے جانے والے ٹھٹھہ کے 500 ماہی گیر 210 کشتیوں سمیت لاپتہ ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ شکار کے لئے جانے والے ان ماہی گیروں کی واپسی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ادھر کراچی ٹھٹھہ اور بدین کے علاقوں میں بارش کا آغاز ہوگیا اور آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز بارش کی پشین گوئی اور سمندر میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ٹھٹھہ جاتی میں تیز سمندری لہروں کے باعث ناگن بند میں شگاف کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ علاقہ میں درجنوں دیہات زیر آب آ گئے ہیں۔ کراچی سے 45 کلو میٹر دور کٹھور کے علاقہ میں ٹول پلازہ کے قریب 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث 2 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ حادثہ سپر ہائی وے پر پیش آیا۔کیٹی بندر، کھارو چھان، گھوڑا باری، اور جاتی میں طوفانی بارش سے زبردست خوف و ہراس پھیل گیا، منتخب نمائندوں کی عدم موجودگی پر متاثرین سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ لوگ نقل مکانی کرنے کی بجائے اپنے گھروں میں رہنے اور سرکاری امداد قبول نہ کرنے پر اصرار کر رہے ہیں /.