پاکستان نے غلطی سے کنٹرول لائن پار کرنے والے 2 کشمیری نوجوانوں کو بھارت کے حوالے کر دیا
لاہور (نیٹ نیوز) پاکستان نے دو برس قبل غلطی سے آزادکشمیر کی حدود میں داخل ہو جانے والے دو کشمیری نوجوانوں کو بھارتی حکام کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل ہی بھارتی حکام نے غلطی سے ورکنگ بائونڈری پار کر جانے والی معمر پاکستانی خاتون کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا‘ تاہم اس کے باوجود پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کا اظہار کرتے ہوئے دو کشمیری نوجوانوں کو بھارتی حکام کے حوالے کیا۔ 23 سالہ بلال احمد اور 24 سالہ ارفاز یوسف کی حوالگی مظفرآباد کے جنوب میں 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چکوٹھی اڑی کراسنگ پوائنٹ پر قائم کامان برج پر کی گئی جہاں دونوں اطراف کے سول و ملٹری حکام موجود تھے۔ مقبوصہ کشمیر کے گائوں گوریز کا رہائشی بلال احمد جولائی 2015ء اور کپواڑہ کا رہائشی یوسف جنوری 2014ء کو غلطی سے لائن آف کنٹرول عبور کرکے آزادکشمیر پہنچ گئے تھے۔ یہ دونوں نوجوان آزاد جموں و کشمیر میں پھنس گئے تھے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد ان کی واپسی ممکن ہوئی۔