بھارتی فوج کا ایک اور شرمناک سکینڈل ماتحت سپاہیوں سے گھریلو کام لینے کا انکشاف
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی فوج کا ایک اور شرمناک سکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ فوجی افسروں کا ماتحت سپاہیوں سے گھریلو کام لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ بھارتی سپاہی کپڑے دھوتے ہیں، کتے نہلاتے ہیں۔ بھارتی سپاہیوں کی دکھ بھری داستان بھارتی میڈیا پر آ گئی۔ 13جنوری 2017ء کو بھارتی فوجی لانس نائیک یاگیا پرتاب سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں اس نے انکشاف کیا کہ بھارتی فوج کے سپاہیوں کو افسران کی ذاتی ڈیوٹی کرنے اور ملازم بننے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ اب بھارتی میڈیا نے دیولالی کیمپ میں رہنے والے ان فوجی افسران کا پول کھولا ہے جنہوں نے سپاہیوں کو گھریلو کام پر لگا رکھا ہے۔ ان میں سے بعض اہلکار گزشتہ پانچ برس سے فوجی افسروں کے گھر ذاتی ملازم بن کر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں اور صاحب کے بجائے ان کی میم صاحب کے احکامات مان رہے ہیں۔ ایک سپاہی کا کہنا تھا صاحب میرے ساتھ تقریباً ٹھیک رہتے ہیں، میڈم کبھی کبھی بگڑ جاتی ہیں۔ دوسرے افسروں کی بیویوں سے اکثر باتیں کرتی ہیں۔ ایک اور بھارتی سپاہی نے اپنی دکھ بھری داستان سناتے ہوئے کہا اب تو واشنگ مشین آ گئی ہیں ورنہ پہلے توہاتھ سے کپڑے دھونے پڑتے تھے۔ بھارتی میڈیا پر چلنے والی اس ویڈیو میں ایک فوجی اہلکار کو اپنے افسر کے کتے نہلاتے بھی دکھایا گیا ہے۔ بعض اہلکار افسروں کے بچوں کو سکول لانے لے جانے، بیویوں کو بیوٹی پارلر یا بازار لے جانے کی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔