نیب نے لیسکو کے ڈائریکٹر میاں افضل کو گرفتار کرلیا، 13 کروڑ برآمد
لاہور(خبر نگار) لیسکو کے سابق سیکرٹری بورڈ آف ڈائریکٹر اور موجودہ ڈائریکٹر لیسکو میاں افضل کو نیب نے گرفتار کرکے ریمانڈ حا صل کر لیا۔میاں افضل کے اکائونٹ سے 13 کروڑ روپے برآمد کر لیے گئیجبکہ اکائونٹ میں موجود 36 کروڑ روپے کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سفاری پارک کے ایک ٹھیکیدار نے بیرون ملک سے شیر منگوایا جس کی خریداری کی رقم میاں افضل کے اکاؤنٹس سے ہو ئی۔ وائلڈ لائف میں انکوائری چل رہی تھی۔بعد ازاں نیب کی انکوائری پر میاں افضل تک رسائی ہوئی۔ دریں اثناء ایف آئی اے نے ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں ملوث ملزم کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔ ایم ون فلور کی دکان نمبر ایک پر چھاپہ مار کر ملزم محمد اخلاق کو حراست میں لے کر 13 لاکھ 81 ہزار روپے، 64 ہزار 750 روپے کے پرائز بانڈ، 500 برطانوی پائونڈ، 1500 سعودی ریال، 50 قطری ریال اور مہریں، کمپیوٹر چیک بک، لیجر، ہنڈی حوالے سے متعلق رسیدیں بھی قبضہ میں لے لیں۔ مقدمہ درج کرلیا گیا۔ دریں اثناء واہگہ ٹائون میں رجسٹری فیس پر وصول کی جانے والی ایک فیصد فیس کے حوالے سے کروڑوں روپے کا غبن پکڑا گیا۔ نیب نے ٹائون کے رجسٹری کلرک فہد صدیقی کو حراست میں لے لیا۔ ملزم نے پنجاب بنک کی جعلی مہریں بنا رکھی تھیں۔ فیس خود وصول کرکے رقم خوردبرد کرلیتا تھا۔ دیگر ملزمان کی شناخت کیلئے تفتیش کررہی ہے۔ یاد رہے کہ کروڑوں روپے کے ایسے فراڈ اقبال ٹائون اور دیگر ٹائونز میں بھی اس سے پہلے ہوچکے ہیں۔