نیوز لیکس رپورٹ مل گئی، جلد منظرعام پر آئیگی، چودھری نثار کا دعویٰ
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے مجھے نیوز لیکس پر رپورٹ مل گئی ہے، مطالعہ کر رہا ہوں، اس سلسلے میں قیاس آرائیاں قبل از وقت ہیں۔ نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیوز لیکس پر تحقیقاتی رپورٹ جلد منظرعام پر آ جائے گی۔ جب ان سے استفسار کیا گیا نیوز لیکس میں جن شخصیات کے نام الیکٹرانک میڈیا پر آ رہے ہیں ان کے بارے میں کس حد تک صداقت پائی جاتی ہے تو انہوں نے کہا یہ انتہائی حساس معاملہ ہے لہٰذا اس بارے میں جو بھی بات کی جائے اس میں ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہئے۔ جب نیوز لیکس کی رپورٹ پبلک کی جائے گی اس بارے میں حقائق سامنے آ جائیں گے۔