ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس ملازمین کے عہدے اَپ گریڈ کرنے کا حکم دیدیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے ملازمین کے عہدوں کواپ گریڈ کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی صورت امتیازی سلوک برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ درخواست گزار ایپکا اے جی آفس کے صدر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود اے جی آفس کے ملازمین کی سیٹوں کو اپ گریڈ نہیں کیا جا رہا۔ اے جی آفس کے ملازمین کی سیٹیں اَپ گریڈ نہ ہونے سے ملازمین کی حق تلفی ہو رہی ہے۔ سیکرٹری خزانہ کے فیصلے کیخلاف چیف سیکرٹری پنجاب کے پاس ملازمین کی اپیل پڑی ہے۔ جس کا ایک دہائی سے فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ عدالت نے ملازمین کو شنوائی کے لئے چیف سیکرٹری کے پاس جانے سے پہلے اے جی آفس کے تمام ملازمین کی سیٹیں اپ گریڈ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب کو فیصلے سے آگاہ کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔