عمران کے جھوٹ پکڑے جارہے ہیں انہیں پکڑ کر احتساب کیلئے لائینگے: مسلم لیگ ن
اسلام آباد (این این آئی+ صباح نیوز+ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دانیال عزیز اور طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے تمام جھوٹ پکڑے جارہے ہیں، تحریک انصاف کو پکڑ پکڑ کر احتساب کیلئے لائینگے، خان صاحب بہادر بنیں، عورتوں کے پیچھے نہ چھپیں،آپ کے پاس نہ بنی گالہ اورنہ فلیٹ کا حساب ہے ٗ کونسی گدھا سروس پر عمران خان نے جمائما کو رقم بھیجی ٗ خان صاحب قطری خط حرام اور عجمی خط حلال ہے ٗ آپ کی آف شور کمپنیاں حلال اور دوسروں کی حرام ٗ ہم آپ کی منی ٹریل لے کررہیں گے ۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان ہمیشہ کہتے رہے اپنا احتساب کرانے کیلئے تیار ہوں اوریہ تاثر دیتے تھے کہ ان کے پاس ایک ایک روپے کا حساب ہے مگر عمران خان الیکشن کمشن میں بھی پھنسا ہوا ہے یہاں سے بھی بھاگے ہوئے ہیں ان سے پاناما پر کوئی چیز ثابت نہیں ہو سکی کیونکہ پاناماپیپرز میں نوازشریف کا نام نہیں ہے ۔دن رات انکو بخار چڑھا ہوا تھا مریم ،مریم ،مریم مگر آرڈر میں انکا نام تک نہیں آیا۔ عمران خان نے گزشتہ سال نومبر میں جو سٹیٹمنٹ جمع کرائی تھی اس میں بیان بالکل اور ہے اور منی ٹریل میں جواب مختلف ہے۔ہم نے کہا تھا کہ جمائما خان کی بینک سٹیٹمنٹ دیں جس میں انہوں نے راشد خان کو پیسے بھیجے ہیں مگر نہیں وہ نہیں دی گئی ۔دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کو بھی کہا کہ اپنی بینک سٹیٹمنٹ دیں مگر نہیں وہ بھی نہیں آئی اور نہ ہی فلیٹ بکنے کے بعد بقایا پیسوں کے بارے میں بتایا گیا میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ انکا اصل چہرہ دکھائیں گے اور اب وہ دن آگئے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ تحریک انصاف سند یافتہ چوروں کی جماعت ہے ٗکرپشن ختم کرنے کے دعوے کرنیوالوں نے احتساب کمشن کو بند کردیا کے پی کے میں احتساب بیورو کو تالے لگ گئے ہیں۔ عمران خان دھرنے کے دوران ملکی اداروں پر حملوں کے الزام میں پولیس کو مطلوب ہیں۔ عمران خان کے مزید جھوٹ سامنے آرہے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) احتساب پر یقین رکھنے والی جماعت ہے ،عمران خان نے وزیراعظم محمد نواز شریف اور مریم نواز کو پاناما پیپرز میں شامل کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔