پٹرولیم لیوی بھتہ ہے، 10لاکھ سے زائد آمدن والے زمیندار پر بھی ٹیکس لگایا جائے: فاروق ستار
اسلام آباد(صباح نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ہے جو پیپلزپارٹی نے لیا اور مسلم لیگ ن لے رہی ہے اگر حکومت ہماری بجٹ تجاویز پر عمل کرتی تو اس طرح ذلیل نہ ہوتی، مزدوروں کی کم سے کم تنخواہ 20ہزار کی جائے۔ حکومت کا جی ڈی پی 2017کو 5.3قرار دینا مبالغہ آرائی ہے، نواز شریف کی حکومت ایزی پیسے پر چل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار فاروق ستار نے بدھ کے روز نیشنل پریس کلب میں ایم کیوایم پاکستان کے پانچویں شیڈوبجٹ 2017-18پیش کرتے ہوئے کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ عوام پران ڈائریکٹ ٹیکس کو کم کیا جائے جبکہ ڈائریکٹ ٹیکس کو کم کرکے اس میں توسیع کی جائے اور زراعت پر بھی ٹیکس لگایا جائے جس کی آمدنی دس لاکھ سالانہ سے زیادہ ہے اس ذمیندار پر بھی انکم ٹیکس لگایا جائے ۔انہوں نے کہا حکومت توانائی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کررہی جس میں 12سو میگاواٹ کوئلے کے پلانٹ لگانے کو مسترد کرتے ہیں ۔ کوئلے کا پلانٹ اگلے پانچ سال میں کراچی کی فضاء کو تباہ کردے گا۔ اس کی جگہ ونڈ چکیاں لگائی جائیں تاکہ ماحول رہنے کے قابل رہے ۔