لاہور‘کراچی اسلام آباد ائرپورٹس کی نجکاری 3جون تک موخر کردی‘ سول ایوی ایشن کا ہائیکورٹ میں جواب
لاہور(وقائع نگار خصوصی) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ کو بتایا گیا کہ لاہور، اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹس کی نجکاری کا عمل تین جون تک مئوخر کر دیا گیا ہے۔فاضل عدالت نے اتھارٹی سے نجکاری کی قانونی حیثیت پر تیس مئی تک جواب طلب کرلیا ہے۔ سید منصور علی شاہ نے محمد ایاز سمیت ایوی ایشن کے دیگر ملازمین کی ایئرپورٹس کی نجکاری کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سول ایوی ایشن ایکٹ کے مطابق ایئرپورٹس کو آئوٹ سورس نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اسکی نجکاری کی جا سکتی ہے۔ لاہور ایئرپورٹ کو جنگ کے دوران ہنگامی لینڈنگ اور فوجی طیاروں کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے، عدالتی حکم کے باوجود ایوی ایشن اتھارٹی کا کوئی بھی ذمہ دار افسرپیش نہیں ہوا، وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ تفصیلی جواب جمع کرانے کیلئے چند دن کی مہلت دی جائے جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل فاروق افضل نے عدالت کو بتایا کہ تینوں ایئرپورٹس کی نجکاری تین جون تک مئوخر کر دی گئی ہے، عدالت نے اتھارٹٰی کے وکیل کے بیان کو ریکارڈ کا حصہ بنایا اور ذمہ دار افسر کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر ایوی ایشن نے یہی رویہ اپنانا ہے تو پھر نجکاری روک دیتے ہیں۔